,,ہزاروں غلطیاں ایسی ۔۔۔،،
یوم اساتذہ پہ مجھے اپنے ,,ہونہار شاگرد ،، بھی بہت یاد آتے ہیں ۔ اردو میں تلفظ اور املا کی ایسی غلطیاں جن کو چیک کرتے ہوئے غصہ بھی مسکراہٹ میں بدل جاتا ہے ۔ مجھ سے کئی ٹیچرز اپنے دلچسپ تجربات شئیر کرتے ہیں ، ایک نے بتایا کہ
" کلاس میں بچیوں سے کہا پہلے درخواست سنائیں پھر لکھیں ، ایک بچی نے بخدمت جناب کو "بدبخت جناب" پڑھا میں نے تصحیح کردی۔ پھر اس نے کہا ,, فوزیہ کو دو دن کی چھٹی عنایت کی جاوے ،،
میں نے پوچھا آپکا نام فوزیہ ہے ؟ جواب آیا درخواست میں یہی لکھا ہے۔ وہاں فدویہ لکھا تھا۔
پرچے میں چچا کے نام خط آیا ،کسی کے چچا شاید وفات پاچکے تھے ، خط کے آغاز میں لکھا
,, السلام علیکم یا اہل القبور ! ,,
ایک ٹیچر نے بتایا طالب علم خط نویسی میں "امید ہے آپ بخیریت ہوں گے" کو " امید ہے آپ بیغیرت ہوں گے " لکھ ڈالتے ہیں ۔
,, پھپھوندی ،، کو پھپھو ۔۔۔ ندی پڑھتے ہیں۔
جملہ تھا :
,, اور توپخانے سے مسلسل گولہ باری ہورہی تھی ،،
بچے نے وقفہ دے کر پڑھا۔
,,,اور تو پاخانے سے مسلسل گولہ باری ہورہی تھی ،،
,,درختوں پر انجیر لٹکے ہوئے تھے ،، کو درختوں پر انجینئر لٹکے ہوئے تھے ،، پڑھتے ہیں ۔
اکثر تو گھر جا کر بتاتے ہیں مس کہہ رہی تھیں آپ خود کشی پر دھیان دیں ، حالانکہ مس نے خوشخطی کی بات کی تھی ۔
میرے صاحبزادے سے پوچھا گیا آپ کی مما ڈائجسٹ رائیٹر بھی ہیں ، ڈائجسٹ رائٹر کا کیا مطلب ہے ؟
بولے ,, ہضم ہونے والی رائٹر ۔۔۔ 😐
پچھلے ہفتے میری شاگردہ نے لکھا:
شاعر مشرک فرماتے ہیں
,,محبت مجھے ان جوانوں سے ہے ،
ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں گند ،،
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں