نظرانداز کرکے مرکزی مواد پر جائیں

ادب، ادیب اور معاشرہ* ✒ *نصیر احمد ناصر*

*ادب، ادیب اور معاشرہ*


✒ *نصیر احمد ناصر* 


ہمارے ہاں یہ درست طور پر سمجھا نہیں گیا کہ شاعر اور ادیب کا معاشرے میں کیا کردار ہے؟ ہمارے ہاں تو ابھی تک یہ نہیں سمجھا گیا کہ شاعر یا ادیب ہونا محض دانشور یا تعقلی ذہین ہونے سے زیادہ افضل ہے اور اس کی ذمہ داریاں ایک مجرد دانشور سے کہیں زیادہ ہیں۔ معاشرے میں شاعر اور ادیب کا کردار عام لوگوں کی نسبت پیچیدہ نوعیت کا ہوتا ہے۔ بطورِ خاص ایسے ملکوں میں جہاں شرح خواندگی اور معیشت کا گراف نیچے ہو، کتابیں خریدنے اور پڑھنے کا رجحان کم ہونے کے باوجود پبلشر امیر تر اور ادیب غریب تر ہوں اور شعر و ادب کو سمجھنے سمجھانے کا معاملہ صرف ادب لکھنے والوں تک محدود ہو۔ وہاں اس کے خالق کے حقیقی کردار کا تعین چنداں آسان نہیں۔ یہاں ایک اور سوال بھی بہت دلچسپ ہے کہ کیا ہر فن پارے اور ہر ادبی تحریر کا کوئی مقصد ہونا ضروری ہے؟ کیا شعر و ادب اور آرٹ کی تخلیق بذاتِ خود ایک مقصد نہیں؟ کارل یونگ نے اپنی کتاب ’ماڈرن مین ان سرچ آف سول‘ میں لکھا ہے کہ شاعر کا کام ہے معاشرے کی روحانی ضروریات کو پورا کرے۔ اگر ہم روحانی ضروریات کو وسیع تر مفاہیم میں پھیلا کر دیکھیں تو یہ ثابت ہوتا ہے کہ کسی بھی قوم کی نفسیاتی صحت کا دار و مدار اس قوم کے شاعروں، ادیبوں اور فنکاروں کی سچائی اور سماجی انصاف سے وابستگی پر ہے۔ روحانیت کا پاس ورڈ ہی سچائی ہے۔ لکھاری کے پاس سب سے بڑا ہتھیار اس کی تحریر ہے، جس سے وہ اپنی جنگ لڑتا ہے۔ یہ جنگ اسے بیک وقت کئی سمتوں میں، کئی محاذوں پر لڑنا پڑتی ہے۔ اس کی اپنی ذات سے معاشرے تک ایک عالمِ تضادات اس کی فکری رزم گاہ ہے۔ اب اگر اس کا یہ ہتھیار ہی زنگ آلود اور کھوکھلا ہوگا، منافقت اور جھوٹ سے آلودہ ہوگا تو وہ رزمِ ہستی اور بزمِ عالم میں اپنا کردار موثر طور پر کیسے ادا کرے گا؟ 


عالمی تناظر میں مختصر ترین بات کی جائے تو انقلاب ایران میں ادب اور ادیبوں کا بڑا کردار رہا۔ لاطینی امریکہ کے بعض ممالک اور فلسطین کی مثالیں بھی پیش کی جاسکتی ہیں۔ دیگر خطوں میں جھانکیں تو مشرقی یورپی ممالک اور روس میں ادب اور ادیبوں کا کردار بڑا واضح اور موثر رہا۔ امریکہ میں جہاں پچاس ساٹھ سال پہلے تک معاشرے میں شاعر اور ادیب کا کردار ایک سنجیدہ لکھاری اور دانشور کا تھا، وہاں اب اس کی حیثیت محض ایک تفریح مہیا کرنے والے کی رہ گئی ہے۔ جدید امریکی ادبی معاشرہ ایک طرح کے تذبذب اور الجھاؤ میں مبتلا نظر آتا ہے۔ اس سے تو یوں لگتا ہے جیسے معاشرتی اور سماجی مقاصد میں ادبی کساد بازاری ایک عالمی روش بن چکا ہے۔ 


اب ایک سادہ سا سوال ہے کہ کیا ہمارے ملک کے شاعر اور ادیب معاشرے میں اپنا صحیح اور فعال کردار ادا کر رہے ہیں؟ اس کا جواب ایک سادہ سی نفی میں ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ ہمارے بیشتر لکھاری ادب اور ادبی ترفع کے بجائے اپنی تحریروں کے بل بوتے پر چھوٹے چھوٹے ذاتی مفادات، انعام و اکرام، شہرت و ناموری اور داد و تحسین حاصل کرنے میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی سعی میں مصروف ہیں۔ بعض تو اپنا اصل کام چھوڑ کر زندگی ہی میں اپنی تاریخ لکھنے اور لکھوانے میں لگے ہوئے ہیں۔ مسابقت کی جگہ حسد نے لے لی ہے اور جلد از جلد نتائج حاصل کرنے کی دوڑ نے وقت سے پہلے تخلیق کاروں کو مضمحل کردیا ہے۔ ان میں تخلیقی اپج نہیں رہی۔ پہلے کتاب کا شائع ہونا کسی شاعر اور ادیب کی زندگی میں ایک بڑا سنگِ میل سمجھا جاتا تھا اور اس کے مندرجات پر مباحث کا ایک نیا در کھلتا تھا۔ اب کتاب آتی ہے تو رونمائیوں، پذیرائیوں اور اخبارات اور ٹی وی پر تبصروں تک آتے آتے صاحبِ کتاب تو چند دن نظر آتے ہیں مگر کتاب کا متن ہمیشہ کے لیے گم ہوجاتا ہے۔ جو زوال و انحطاط اور منافقانہ طرزِ فکر و عمل معاشرتی اور سیاسی قدروں اور اشرافیہ سے عوام تک کے رویوں میں آچکا ہے، بدقسمتی سے وہی ادیبوں و شاعروں کی ذات اور تحریروں میں سرائیت کرگیا ہے۔ جس کے نتیجے میں نہ سچی شاعری رہی ہے نہ ادب اور نہ شاعر و ادیب۔ بس ایک غت ربود ہے، فکری ابتری اور سطحی پن ہے، نقالی اور جگالی ہے اور شخصی دھوم دھام ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اردو ادب اور ادیب معاشرے میں کوئی حقیقی کردار ادا کرنے اور کسی انقلابی تبدیلی کی روح بیدار کرنے میں قطعی طور پر ناکام ہے۔ صورتِ حال اتنی دل شکن ہے کہ اس پر لکھتے ہوئے بھی الفاظ کے ضیاع کا احساس حاوی ہونے لگتا ہے۔ 


نہایت قلیل استثنائی مثالوں کے علاوہ ہمارے زیادہ تر نمایاں شاعروں اور ادیبوں کا سارا زور زندگی میں پرائڈ آف پرفارمنس لینے، نوکریاں پکی کرنے، آرٹ اور ادب کے سرکاری اداروں کی سربراہیاں حاصل کرنے، ادبی کانفرنسوں اور مشاعروں کے ذریعے اپنی عظمت کے چرچے کروانے، سفارشوں کے ذریعے بیرونِ ملک ادبی دوروں، تقریبات کی صدارتوں اور رونمائیوں جیسی غیر تخلیقی ادبی سرگرمیوں پر صرف ہوجاتا ہے۔ کچھ تو ادبی اداروں کے سربراہوں سے عہدے سنبھالتے ہی یوں چپکتے ہیں کہ یک جان دو قالب اور ہر تقریب میں ان کے پہلو میں نظر آتے ہیں۔ کچھ سارا سال اپنی پذیرائیاں کرواتے رہتے ہیں۔ ادب اور معاشرے کے لیے کوئی حقیقی کردار ادا کرنے کے لیے ان بے چاروں کے پاس وقت کہاں! وہ کب لکھتے ہیں، کب پڑھتے ہیں، اس کا حال کوئی جن ہی بتا سکتا ہے۔ چند مخصوص لوگ اور گروہ ہیں، ادبی گاڈ فادر ہیں، سارا اردو ادب، سارے ادبی اعزازات، انعامی رقوم، تمام ادبی اور ثقافتی میلے، تشہیری میڈیا عرصہء دراز سے انہی کے گرد گھوم رہا ہے۔ ان کے بس میں ہو تو ہر سال ادب کا نوبل پرائز بھی یہی حاصل کریں۔ جن ادبی بزرج مہروں کو سرکاری اداروں میں حصہ بقدر جثہ نہیں ملتا تو وہ نت نئے اخباروں میں کالم نگاری شروع کردیتے ہیں اور معاشرے کے یہ عکاس باقی ماندہ عمر اپنے ذاتی تعلقات، ذاتی پسند ناپسند اور ذاتی ادبی معیارات و تعصبات کی بنیاد پر ادبی فتاویٰ جاری کرکے اپنی شہرت و شخصیت کو کیش کراتے ہیں۔ ایسے میں ادب کیا اور معاشرے میں ادیب کا کردار کیا اور چند ایک اصلی لکھنے والوں کی کیا بساط رہ جاتی ہے؟ یوں بظاہر تو ادبی سرگرمیاں بہت دکھائی دیتی ہیں، ادبی شور و غل بھی سنائی دیتا ہے لیکن حقیقی ادب اور ادیب مزید گوشہ گیر ہوجاتا ہے۔ 

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

فیض کے شعری مجموعوں کا اجمالی جائزہ

: محمدی بیگم، ریسرچ اسکالر،  شعبہ اردو و فارسی،گلبرگہ یونیورسٹی، گلبرگہ ’’نسخہ ہائے وفا‘‘ کو فیض کے مکمل کلیات قرار دیا جاسکتا ہے، جس میں ان کا سارا کلام اور سارے شعری مجموعوں کو یکجا کردیا گیا ہے، بلکہ ان کے آخری شعری مجموعہ ’’ مرے دل مرے مسافر‘‘ کے بعد کا کلام بھی اس میں شامل ہے۔  فیض ؔ کے شعری مجموعوں کی کُل تعداد ’’سات ‘‘ ہے، جن کے نام حسبِ ذیل ہیں:

نیا قانون از سعادت حسن منٹو

نیا قانون از سعادت حسن منٹو منگو(مرکزی کردار) کوچوان اپنے اڈے میں بہت عقلمند آدمی سمجھا جاتا تھا۔۔۔اسے دنیا بھر کی چیزوں کا علم تھا۔۔۔ استاد منگو نے اپنی ایک سواری سے اسپین میں جنگ چھڑ جانے کی اطلاع سنی تھی۔۔۔اسپین میں جنگ چھڑگئی اور جب ہر شخص کو اسکا پتہ چلا تو اسٹیشن کے اڈے میں جتنے کوچوان حلقہ بنائے حقہ پی رہے تھے دل ہی دل میں استاد منگو کی بڑائی کا اعتراف کررہے تھے۔۔۔ استاد منگو کو انگریز سے بڑی نفرت تھی۔۔۔ایک روز استاد منگو نے کچہری سے دو سواریاں(مارواڑی) لادیں اور انکی گفتگو سے اسے پتہ چلا کے ہندوستان میں جلد ایک آئین کا نفاذ ہونے والا ہے تو اسکی خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی۔۔۔ سنا ہے کہ پہلی اپریل سے ہندوستان میں نیا قانون چلے گا۔۔۔کیا ہر چیز بدل جائے گی؟۔۔۔ ان مارواڑیوں کی بات چیت استاد منگو کے دل میں ناقابلِ بیان خوشی پیدا کررہی تھی۔۔۔ پہلی اپریل تک استاد منگو نے جدید آئین کے خلاف اور اس کے حق میں بہت کچھ سنا، مگر اس کے متعلق جو تصویر وہ اپنے ذہن میں قائم کر چکا تھا ، بدل نہ سکا۔ وہ سمجھتا تھا کہ پہلی اپریل کو نئے قانون کے آتے ہی سب معاملہ صاف ہوجائے گا اور اسکو...

عہد بہمنیہ میں اُردو شاعری، ڈاکٹر سید چندا حسینی اکبر، گلبرگہ نیورسٹی گلبرگہ Urdu poetry in the Bahmani period

  عہد بہمنیہ میں اُردو شاعری  Urdu poetry in the Bahmani period                                                                                                 ڈاکٹر سید چندا حسینی اکبرؔ 9844707960   Dr. Syed Chanda Hussaini Akber Lecturer, Dept of Urdu, GUK              ریاست کرناٹک میں شہر گلبرگہ کو علمی و ادبی حیثیت سے ایک منفرد مقام حاصل ہے۔ جب ١٣٤٧ء میں حسن گنگو بہمنی نے سلطنت بہمیہ کی بنیاد رکھی تو اس شہر کو اپنا پائیہ تخت بنایا۔ اس لئے ہندوستان کی تاریخ میں اس شہر کی اپنی ایک انفرادیت ہے۔ گل...